منگلورو :26؍جنوری (ایس او نیوز) وٹلا پڈنور دیہات کے کڈمبو نامی مقام پر سنیچر کو جانوروں کی غیر قانونی سپلائی کی اطلا ع کا جائزہ لینے جب پولس جائے وقوع پر پہنچی تو دو گرہوں کے درمیان مارپیٹ کی واردات پیش آئی، بتایا گیا ہے کہ اس دوران پولس نے ہجوم پر قابو پانے کے لئے ہلکی لاٹھی چارج کا سہارا لیا اور لوگوں کو منتشر کردیا، بتایا گیا ہے کہ واردات میں دو لوگوں کو چوٹیں آئی ہیں اور اُنہیں قریبی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اس موقع پر پولس نے اپنے فرائض میں مداخلت کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بجرنگ دل اور پی ایف آئی کے لیڈران کواپنی تحویل میں لے لیا ہے اور اُن پر معاملات درج کرلئے ہیں۔ جبکہ حالات پر قابو پانے کے لئے اعلیٰ حکام پولس کی زائد فورس کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں ۔
ذرائع نے بتایا کہ وٹلا سالیتور روڈ پر جانوروں کی غیرقانونی سپلائی کے متعلق پولس کو جب جانکاری ملی تو پولس کارروائی کرنے کے لئے آگے بڑھی بتایا گیا ہے کہ اس دوران متعلقہ سواری جانور سمیت لاپتہ ہوگئی۔البتہ اندرونی علاقے کے ایک مکان کے سامنے دو بھینسے بندھے ہوئے پائے گئے لیکن وہاں سواری نہیں تھی۔
بتایا گیا ہے کہ اس دوران بجرنگ دل کے کارکنان وہاں پہنچ چکے تھے۔ بھینسوں کو باندھے ہوئے گھر کے قریب سینکڑوں لوگ جمع ہوگئے، بھیڑ کے درمیان دو گروہوں کے درمیان جب جھڑپ بڑھنے لگی تو پولس نے سبھی کو منتشر کردیا۔ لوگ وہاں سے نکل کر کڈمبو جنکشن پر جمع ہوگئے ، وہاں پر بھی دونوں گروہوں کے درمیان لفظی جھڑپ شروع ہوگئی، جس کے بعد زائد پولس فورس کو موقع پر منگواتے ہوئے پولس نے ہلکا لاٹھی چارج شروع کردیا اور جائے وقوع پر موجود لیڈران کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
ضلع ایس پی لکشمی پرساد، ایڈیشنل ایس پی سید اللہ اڈوات، انسپکٹر ناگراج، وٹلاسب انسپکٹر یلپا سمیت پولس کی ٹیمیں جائے وقوع پر ہی موجود ہیں اور حالات پر نظر رکھی گئی ہے۔ حفاظتی انتظامات کو سخت کرنے کرناٹکا ریزرو پولس کے دستے کو بھی جائے وقوع پر تعینات کیاگیا ہے، بتایا گیا ہے کہ اس دوران سواریوں کی جانچ بھی کی جارہی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق جھڑپوں کے نتیجے میں ایک اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنےو الے 2 لوگوں کو اسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا ہے۔ ان کی طرف سے دی گئی شکایت پر معاملہ بھی درج کیا گیا ہے۔ پولس نے بھی جانوروں کی غیر قانونی سپلائی کو لےکر پولس فرائض میں دخل اندازی کا الزام لگاتے ہوئے قریب 50لوگوں پر تین معاملات درج کرلئے ہیں۔
ایک اور ذرائع نے اس بات کی بھی اطلاع دی ہے کہ جانوروں کو ایک سواری کے ذریعے بیلتھنگڈی سے سالیتور روڈ کے ذریعے کیرلا کے تلکی قصائی خانے لے جایا جارہا تھا، جس کے دوران ہندو تنظیموں نے سواری کا پیچھا کیا ، اس موقع پر کڈمبو نامی مقام کے ایک گھر پر بھینسوں کو باندھ کر ملزمان سواری سمیت فرار ہوگئے۔ ہندو تنظیموں کے کارکنان متعلقہ مکان کے باہر جمع ہوکر ہنگامہ آرائی کرنے کی اطلاع ملتے ہی پی ایف آئی کے کارکنان موقع پر پہنچ گئے، جس کے بعد دونوں کارکنوں کے درمیان تصادم شروع ہوگیا۔
فی الحال پولس نے حالات پر قابو پالیا ہے اور چھان بین جاری ہے۔